اجمیر، 5؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اکبر قلعہ کا نام تبدیل کرنے پر راجستھان کے وزیر تعلیم پروفیسر واسودیو دیونانی کو مبینہ طورپر دھمکی ملی ہے۔ایک شخص نے پروفیسر واسودیو دیونانی کو سخت کارروائی کی دھمکی دی ہے۔کوتوالی تھانہ انچارج (اجمیر)بی ایل مینا نے بتایا کہ نامعلوم شخص نے وزیر تعلیم پروفیسر واسودیو دیونانی کو اجمیر کے اکبر قلعہ کا نام بدل کر اجمیر کا قلعہ (میوزیم)کرنے پر یہ دھمکی دی ہے۔نامعلوم شخص کی جانب سے تحریرکردہ دھمکی بھرا یہ خط وزیر تعلیم کو گذشتہ 30؍دسمبر کو ان کی اجمیر میں واقع رہائش گاہ کے پتے پر اور 21؍فروری کو پولیس سپرنٹنڈنٹ اجمیر کو ڈاک سے موصول ہوا ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔خط میں دھمکی دینے والے شخص نے اپنا نام ترنم خادم لکھا ہے۔ادھر، راجستھان اسمبلی میں بھی ایک رکن نے یہ معاملہ اٹھایا ، لیکن صدر کیلاش میگھوال نے اس کی اجازت نہیں دی۔راجستھان کے وزیر تعلیم پروفیسر واسودیو دیونانی نے کہا ہے کہ تاریخ میں پڑھایا جاتا رہا ہے کہ اکبر عظیم حکمراں تھے جبکہ اب تک ہوئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مہارانہ پرتاپ عظیم تھے، اگر ہلدی گھاٹی جنگ میں اکبر فاتح ہوتا تو جیتنے کے بعد پرتاپ سے 6 بار جنگ کیوں کرتا۔